سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود عمران خان کی اسپتال منتقلی پر تاحال فیصلہ نہ ہوسکا
سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
ذرائع کے مطابق اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کے حوالے سے جیل انتظامیہ نے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے توہین عدالت کی کارروائی کے لیے قانونی تیاری شروع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے وکالت ناموں پر عمران خان کے دستخط نہ ہونے کی صورت میں متبادل قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ توہین عدالت کی درخواست بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری نے وکالت ناموں پر دستخط کرانے کے لیے جیل حکام سے رابطہ کیا تھا، تاہم جیل انتظامیہ نے فراہم کی جانے والی دستاویزات وصول کرنے سے گریز کیا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قانونی چارہ جوئی کے دیگر راستے بھی اختیار کیے جاسکتے ہیں۔