عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش کا معاملہ، بیرسٹر گوہر کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مل گئی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کو تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دے دیا۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔

درخواست کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جو غلام مرتضیٰ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شمسہ کیانی سمیت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حکام بھی سماعت میں موجود تھے۔

دورانِ سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ بیرسٹر گوہر کو ذاتی طور پر طلب نہیں کیا گیا تھا اور وہ تحریری جواب بھیج سکتے تھے۔

اس پر بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے مذکورہ ایکس اکاؤنٹ کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کرتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالات میں تبدیلی آچکی ہے، اس لیے جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے تحریری جواب جمع کرانے کے لیے وقت دے دیا اور مزید کارروائی 23 نومبر تک ملتوی کردی۔