غیر فعال سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس بند کرنے کا فیصلہ
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر فعال یا منسوخ شدہ سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق ایسی سمز جو بند ہوچکی ہیں، منسوخ کردی گئی ہیں یا طویل عرصے سے استعمال میں نہیں، ان سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بلاک کیا جائے گا۔ اتھارٹی کے مطابق غیر فعال موبائل نمبرز سے وابستہ بعض واٹس ایپ اکاؤنٹس فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موبائل نمبر غیر فعال ہونے کے بعد اس سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ کا غلط استعمال ممکن ہے، اس لیے صارفین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کو بروقت فعال موبائل نمبر سے منسلک رکھیں۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر فعال سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کا عمل کسی بھی وقت شروع کیا جاسکتا ہے۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کے ساتھ موجودہ اور فعال موبائل نمبر منسلک کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی صارف اپنا موبائل نمبر تبدیل کرتا ہے تو اسے واٹس ایپ میں موجود Change Number فیچر کے ذریعے فوری طور پر نیا نمبر اپ ڈیٹ کرنا چاہیے، تاکہ اکاؤنٹ پر اس کا کنٹرول برقرار رہے