انڈیانا میں خالصتان ریفرنڈم، شملہ کو مجوزہ خالصتان کا دارالحکومت قرار دینے کا اعلان
امریکی ریاست انڈیانا پولس میں خالصتان پنجاب آزادی ریفرنڈم کے دوران سکھ فارجسٹس (SFJ) کے رہنما گُرپتونت سنگھ پنوں نے شملہ کو مجوزہ ’ڈیموکریٹک ریپبلک آف خالصتان‘ کا دارالحکومت قرار دینے کا اعلان کیا۔
ریفرنڈم کے اختتام پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پنوں نے خالصتان سے متعلق نقشہ بھی جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھ فارجسٹس خالصتان کے قیام کے لیے پرامن اور بیلٹ کے ذریعے جمہوری عمل کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سکھ برادری کو اپنے مذہب اور خاندان کے تحفظ کے لیے قانونی ذرائع اختیار کرنے کا حق حاصل ہے۔
پنوں نے نئی دہلی پر پنجاب کے خلاف مبینہ طور پر تین محاذوں پر حکمت عملی اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کے مطابق ان محاذوں میں منشیات، قرضوں اور آبادیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل شامل ہیں۔
سکھ فارجسٹس کے مطابق خالصتان ریفرنڈم کے اگلے مرحلے میں 18 اکتوبر کو کینیڈا کے صوبے البرٹا میں ووٹنگ کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پنوں نے مزید دعویٰ کیا کہ منشیات کی لعنت سے پنجاب کے نوجوان متاثر ہورہے ہیں، جبکہ زرعی قرضوں اور مالی مشکلات کے باعث سکھ کسان شدید دباؤ کا شکار ہیں۔
تقریب کے دوران گُرپتونت سنگھ پنوں نے ہردیپ سنگھ نجر، تلوِندر سنگھ پرمار اور لکھبیر سنگھ روڈے کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔