انڈیانا میں طوفانی بارش اور سیلاب سے 6 افراد ہلاک

امریکی ریاست انڈیانا میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے مختلف علاقوں کو متاثر کردیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 خواتین، 2 مرد اور 4 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ شدید بارش کے بعد کئی علاقوں میں سیلاب آگیا، جس سے متعدد مکانات اور سڑکیں زیرِ آب آگئیں۔ چار کاؤنٹیز میں صورتحال زیادہ سنگین بتائی جا رہی ہے، جبکہ مختلف مقامات پر کئی فٹ تک پانی جمع ہوگیا ہے۔

دوسری جانب سمندری طوفان ہوائی کے علاقے میکاواو کے قریب پہنچ گیا ہے، جہاں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔

حکام کے مطابق خراب موسم کے باعث 40 ہزار سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی حکام کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔