انڈونیشیا میں گزشتہ روز آنے والے شدید زلزلے کے باعث51 افراد جان کی بازی ہار گئے

انڈونیشیا میں گزشتہ روز آنے والے شدید زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، جبکہ حکام کے مطابق قدرتی آفت کے نتیجے میں 51 افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق زلزلے کے بعد 2 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات اور عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکوں سے 1,300 سے زیادہ مکانات متاثر ہوئے جبکہ 20 پٹرول پمپس کو بھی نقصان پہنچا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی سڑکیں آمدورفت کے لیے بند ہوگئیں۔

ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں 3 ہزار سے زائد فوجی اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں، جبکہ صوبہ نوسا تنگارا میں متاثرہ اور بے گھر افراد کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

زلزلے کے بعد مختلف علاقوں میں متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام نے ابتدائی طور پر سونامی کا انتباہ جاری کیا تھا، تاہم صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ وارننگ واپس لے لی گئی۔