انڈونیشیا میں آتش فشاں کی راکھ سے فضائی آپریشن متاثر، 8 ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل
انڈونیشیا میں آتش فشاں سے اٹھنے والی راکھ کے پھیلاؤ کے باعث 8 ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا، جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں۔
انڈونیشیا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مطابق دارالحکومت جکارتہ کے سوئیکارنو ہاٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ آتش فشانی راکھ کے باعث گزشتہ دو دن کے دوران 712 سے زیادہ پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہونے والی پروازوں میں سنگاپور سے آنے اور جانے والی فلائٹس شامل ہیں، جبکہ دوحہ، سڈنی اور کوالالمپور سمیت دیگر بین الاقوامی فضائی راستے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 4 ستمبر سے آتش فشاں سے لاوا اور راکھ نکلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق راکھ کے بادل مشرقی سمت میں جاوا کے علاقے تک تقریباً 20 ہزار فٹ کی بلندی پر جبکہ سماٹرا کی جانب 50 ہزار فٹ تک پھیل چکے ہیں۔
آتش فشانی سرگرمی کے باعث فضائی سفر کے حوالے سے مزید احتیاطی اقدامات کیے جارہے ہیں، جبکہ متاثرہ مسافروں کو پروازوں کی بحالی تک مشکلات کا سامنا ہے۔