انٹر بورڈ کراچی، کامرس ریگولر اور پرائیویٹ گروپس کے نتائج کا اعلان

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے بارہویں جماعت کے کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیے ہیں۔

چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ میں پہلی تینوں پوزیشنیں تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کی طالبات نے حاصل کیں۔

کامرس ریگولر گروپ میں پہلی پوزیشن آمنہ بنت محمد عارف نے حاصل کی۔ رول نمبر 119179 کی حامل طالبہ نے 1100 میں سے 993 نمبر حاصل کرکے اے ون گریڈ حاصل کیا۔

اسی کالج کی طالبہ مناہل ندیم بنت ندیم الحسن صدیقی نے 983 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ شفا عامر بنت عامر حبیب صدیقی 969 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ دونوں طالبات نے بھی اے ون گریڈ حاصل کیا۔

چیئرمین انٹر بورڈ کے مطابق کامرس پرائیویٹ گروپ میں عریشہ ایاز بنت ایاز اختر عطاری نے 1100 میں سے 914 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دوسری پوزیشن حفصہ بنت محمد عامر حنیف نے 901 نمبروں کے ساتھ حاصل کی، جبکہ انوشہ بنت محمد صلاح الدین 874 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ پہلی اور دوسری پوزیشن ہولڈرز نے اے ون جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ نے اے گریڈ حاصل کیا۔

کامرس ریگولر گروپ کے نتائج

ناظم امتحانات زرینہ راشد نے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات کے لیے 26 ہزار 432 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے 25 ہزار 528 طلبہ و طالبات نے امتحان میں شرکت کی۔

ان کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 14 ہزار 132 امیدوار کامیاب ہوئے، یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 55.36 فیصد رہا۔

گریڈز کی تفصیلات کے مطابق 235 امیدوار اے ون، 1302 اے، 2942 بی، 4993 سی، 4291 ڈی جبکہ 369 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔

کامرس پرائیویٹ گروپ کے نتائج

زرینہ راشد کے مطابق کامرس پرائیویٹ گروپ میں 1815 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 1699 نے امتحانات میں شرکت کی۔

ان میں سے 787 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کی شرح 46.32 فیصد رہی۔

نتائج کے مطابق پرائیویٹ گروپ میں 2 امیدوار اے ون، 52 اے، 166 بی، 270 سی، 270 ڈی اور 26 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے، جبکہ ایک امیدوار کو پاس قرار دیا گیا۔

نتائج آن لائن دستیاب

انٹر بورڈ کراچی کے مطابق سالانہ امتحانات کے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ امیدوار آن لائن اپنا نتیجہ دیکھ سکتے ہیں۔

طلبہ و طالبات کے لیے نتیجہ دیکھنے کی سہولت بورڈ کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دستیاب ہے۔ ایپ گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے تلاش کرکے موبائل فون میں انسٹال کی جاسکتی ہے۔