لوڈشیڈنگ کے باوجود آئی پی پیز کو 472 ارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹس

ملک میں بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کے دوران بھی آئی پی پیز کو کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں بھاری رقوم کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق حکومت نے اپریل سے جون کے دوران 105 آئی پی پیز کو مجموعی طور پر تقریباً 472 ارب روپے ادا کیے۔ یہ رقم بالآخر بجلی صارفین سے بلوں کے ذریعے وصول کی جاتی ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ چائنا فیول انرجی کو کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں 30 ارب 81 کروڑ روپے، شنگھائی انرجی کو 26 ارب روپے جبکہ نیوکلیئر ون کو 36 ارب روپے ادا کیے گئے۔ اسی طرح نیوکلیئر پاور پلانٹ تھری کو تقریباً 37 ارب روپے کی ادائیگی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق پورٹ قاسم پاور کو 26 ارب روپے، تھرکول بلاک ون کو 29 ارب روپے اور واپڈا ہائیڈل کو تقریباً 35 ارب روپے دیے گئے۔

دستاویز کے مطابق ان ادائیگیوں کے باوجود گزشتہ تقریباً ڈیڑھ ماہ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی نمایاں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار رہا، جس پر کیپسٹی پیمنٹس کے نظام اور بجلی کی دستیابی سے متعلق سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔