ایرانی آرمی چیف کی دشمن کو وارننگ، دوبارہ حملے کی صورت میں بھرپور جواب کا اعلان

ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ اگر دشمن کی جانب سے دوبارہ کوئی غلط اقدام کیا گیا تو ایرانی فوج بھرپور جواب دے گی۔

میجر جنرل امیر حاتمی کے مطابق جنگ کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا، اس لیے ایرانی مسلح افواج مکمل چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ فوجی محاذ پر ناکامی کے بعد دشمن نے ایران پر پابندیوں اور معاشی دباؤ میں اضافہ کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے۔ ان کے مطابق ملک کے اندر بھی بدامنی اور افراتفری پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ حالیہ جنگ کے دوران ایران نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے عزت اور سربلندی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں ہونے والے نقصانات اپنی جگہ موجود ہیں، تاہم کسی بھی جنگ میں اس کے حتمی نتیجے کو بنیادی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔

ایرانی آرمی چیف نے مزید کہا کہ ملک کو دوبارہ جنگ کے خطرات اور اس کے سائے سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔