ایران نے مشرق وسطیٰ میں مشترکہ سیکیورٹی کے چینی تصور کی حمایت کردی
ایران نے مشرق وسطیٰ میں علاقائی سطح پر مشترکہ سیکیورٹی نظام قائم کرنے کی چین کی تجویز کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ چین علاقائی ممالک کے درمیان مشترکہ سلامتی کو فروغ دینے پر زور دے رہا ہے، جبکہ ایران بھی طویل عرصے سے اسی سوچ کی حمایت کرتا آیا ہے۔ ان کے مطابق خطے کے ممالک کو اپنے مستقبل اور سلامتی سے متعلق فیصلے خود کرنے چاہییں۔
باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ دیرپا اور حقیقی استحکام کے لیے ایسا علاقائی سیکیورٹی فریم ورک ضروری ہے جو خود خطے کے ممالک کی مشاورت اور شمولیت سے تشکیل پائے۔
انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں سیکیورٹی کے کسی بھی نئے علاقائی نظام کے قیام کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے، بشرطیکہ یہ نظام علاقائی ممالک کی اپنی مرضی اور شمولیت سے تشکیل دیا جائے۔
واضح رہے کہ چینی صدر نے مصر کے دورے کے دوران مشرق وسطیٰ میں مشترکہ سیکیورٹی کے ایک نئے علاقائی تصور کی تجویز پیش کی تھی، جس کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔