ایرانی صدر کی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی اتحاد کی حمایت، مسلم ممالک میں یکجہتی پر زور
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اتحاد کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک کو باہمی اختلافات کم کرکے اتحاد اور تعاون کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔
الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کے عمل میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے، تاہم انہیں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہی نہیں ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات مسلم ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق مسلمانوں کو دو گروہوں میں تقسیم ہوکر باہمی تصادم کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے یکجہتی اور مشترکہ مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کے لیے ضروری ہے کہ عرب، ترک اور ایرانی شناختوں کو باہمی فاصلے کی بنیاد نہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان ایک ہی انسانی اصل سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ قوموں اور قبائل میں تقسیم کی حکمت یہ ہے کہ لوگ ایک دوسرے کو پہچانیں۔
انہوں نے زور دیا کہ مسلم ممالک کو باہمی تعاون بڑھاتے ہوئے اللہ کے احکامات پر عمل کرنے اور مشترکہ اقدار کو فروغ دینے کے لیے مل کر کوششیں کرنی چاہییں۔