ایران کے صدر کا آبنائے ہرمز اور امریکی پابندیوں سے متعلق بیان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر امریکہ ایران کے خلاف ناکہ بندی اور جارحانہ اقدامات ختم کر دے تو آبنائے ہرمز کو کھولنے کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو ایران پر عائد پابندیوں اور ناکہ بندی کی پالیسی ختم کرنا ہوگی۔

بھارتی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکہ جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد اس نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے ناکہ بندی کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندری راستوں پر ایران کی زندگی مکمل طور پر منحصر نہیں اور امریکہ اس حکمت عملی کے ذریعے بھی اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکے گا۔

ایرانی صدر کے مطابق پیر کو مسقط میں ایران اور عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس متوقع ہے۔ اجلاس کے دوران عمان اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز میں مشترکہ سمندری راستے سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد اس پیش رفت سے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ اجلاس میں ان ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے جن کی سرزمین کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔