ایرانی وزارت خارجہ: امریکا سے مفاہمتی یادداشت میں 60 دن کی شرط شامل نہیں
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت میں 60 دن کی کوئی مقررہ مدت شامل نہیں کی گئی۔
ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کی ثابت قدمی نے مخالفین کے اندازوں کو غلط ثابت کیا ہے۔ ان کے مطابق ایران، پاکستان اور قطر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ موجودہ کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان اور قطر اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے چند ہفتے بعد ہی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی، اس لیے اس معاہدے میں 60 روز کی کوئی ڈیڈ لائن مقرر ہونے کی بات درست نہیں۔
اسماعیل بقائی نے بتایا کہ عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات بھی جاری ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک بحری آمدورفت کے طریقہ کار پر بات چیت کررہے ہیں تاکہ اس حوالے سے قابلِ عمل انتظام طے کیا جاسکے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایران ایسا ملک نہیں جو کسی ڈیڈ لائن، دباؤ یا بیرونی مطالبے کے تحت اپنے فیصلے کرے۔ ان کے مطابق تہران اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملات پر فیصلہ کرتا ہے۔