ایرانی فوج کا امریکا اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان

ایرانی فوج نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف اپنا مؤقف برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مخالف قوتوں کا مقابلہ جاری رکھے گی اور ملکی مفادات کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

ایرانی فوج کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک انہیں مکمل شکست نہیں دی جاتی۔ فوج نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ایرانی عوام کے مفادات اور جائز حقوق کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے جائز مطالبات سے دستبرداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جبکہ قومی مفادات کے دفاع اور ملک کی سلامتی کے لیے کوششیں بدستور جاری رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب ایران نے قطر سے ایرانی پائلٹس سے متعلق تحقیقات میں تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔ ایرانی مؤقف کے مطابق قطر نے ایرانی تفتیش کاروں کو اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ضروری کارروائی سے روک دیا اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی کو بھی ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔

ایرانی حکام نے قطر سے مطالبہ کیا ہے کہ پائلٹس سے متعلق تحقیقات کے لیے ایرانی ماہرین کو قطر آنے کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایرانی تحقیقاتی ماہرین کئی ماہ سے قطر کی اجازت کے منتظر ہیں تاکہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جاسکیں۔