اسحاق ڈار کی آزاد کشمیر کی ترقیاتی ترجیحات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آزاد جموں و کشمیر کی ترقیاتی ترجیحات پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں جاری اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں اور ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور فلاح وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے نتائج عوام کی زندگیوں میں عملی بہتری کی صورت میں سامنے آنے چاہییں اور اس حوالے سے اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر بھی عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کو ترجیح دے رہی ہیں، جس کے لیے ترقیاتی اقدامات کو مربوط انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔