اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کی نیویارک میں ملاقات
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے نیویارک میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان باہمی تعاون کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، جہاں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان قائم دیرینہ دوستانہ اور قریبی تعلقات کا جائزہ لیا۔
فریقین نے اعلیٰ سطح پر ہونے والے رابطوں کے تسلسل کو خوش آئند قرار دیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے علاوہ علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔
اسحاق ڈار نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔