اسحاق ڈار کا عالمی وباؤں سے متعلق معاہدے کی منظوری کا خیرمقدم
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں سالانہ اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی وباؤں سے نمٹنے کے لیے معاہدے کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران پاکستان کی جانب سے اختیار کی گئی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ وبا سے نمٹنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن، ٹیسٹنگ، سماجی تحفظ اور مختلف شعبوں کے باہمی تعاون پر مبنی اقدامات کیے گئے۔
نائب وزیراعظم نے عالمی وباؤں سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مالی معاونت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ممالک میں صحت کے شعبے کی مستقل اور مقامی پیداواری صلاحیتوں کو مضبوط بنانا بھی ناگزیر ہے۔
اسحاق ڈار نے ویکسین اور دیگر ضروری طبی سہولیات تک تمام ممالک کی منصفانہ رسائی کو یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے عالمی سطح پر مؤثر اور مشترکہ ردعمل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔