اسلام آباد میں سرکاری عمارت کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کی تجویز
وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی کانفرنسز اور بڑے عالمی اجتماعات کے لیے معیاری رہائش کی کمی کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے بعض سرکاری عمارتوں کو ہوٹلوں میں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس فیصلے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے تین رکنی وزارتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں شہید ملت بلڈنگ کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے درمیان مشاورت جاری ہے، جبکہ منصوبے کی نگرانی کی ذمہ داری وزارتِ داخلہ، وزارتِ خزانہ اور وزارتِ ہاؤسنگ کے وزراء کو سونپی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتی کمیٹی شہید ملت بلڈنگ کو جدید ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ عمارت کا مجموعی رقبہ تقریباً 4 ہزار 400 مربع گز ہے اور اس میں 128 کمروں کی گنجائش موجود ہے۔
شہید ملت بلڈنگ میں 64 لگژری سوئٹس بنانے کی بھی گنجائش بتائی گئی ہے، جس سے اسے اعلیٰ معیار کی رہائشی سہولت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او اجلاس کے دوران بڑی تعداد میں اضافی رہائشی کمروں کی ضرورت پیش آئے گی۔ اندازے کے مطابق صرف اس عالمی ایونٹ کے لیے دارالحکومت میں 4 ہزار سے زائد ہوٹل رومز درکار ہوں گے، جس کے باعث متبادل رہائشی انتظامات پر توجہ دی جارہی ہے۔