اسلام آباد میں تمام شیشہ کیفے بند کرنے کا حکم، این او سی بھی واپس لینے کی ہدایت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں کی تمام اقسام بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ عدالت کے مطابق نئے قواعد و ضوابط تشکیل دیے جانے تک شہر میں شیشہ کیفے کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے یہ احکامات جاری کیے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ شیشہ کیفوں کو پہلے جاری کیے گئے عدم اعتراض کے سرٹیفکیٹس (این او سیز) بھی واپس لیے جائیں۔

عدالتی حکم کے تحت پابندی کا اطلاق انڈور اور آؤٹ ڈور، دونوں طرح کے شیشہ کیفوں پر ہوگا۔ نئے ضوابط کی تیاری تک وفاقی دارالحکومت میں اس نوعیت کی تمام سرگرمیاں بند رہیں گی۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ کیس کا تفصیلی تحریری فیصلہ عدالت بعد میں جاری کرے گی۔