اسلام آباد میں طالبہ لائبہ اعجاز سے لاکھوں روپے فراڈ کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

اسلام آباد میں طالبہ لائبہ اعجاز سے لاکھوں روپے کے مبینہ فراڈ میں ملوث ملزم نعمان پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ رمنا کی حدود میں اہلکار ملزم نعمان کو اس کی نشاندہی پر ریکوری کے لیے لے جا رہے تھے کہ اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار افراد نے اسے چھڑانے کی کوشش کی اور پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس پہن رکھی تھیں اور حفاظتی اقدامات کے باعث کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔