اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم، ماحول دوست پولیسنگ کی جانب اہم قدم
وزیراعظم شہباز شریف نے جدید ٹیکنالوجی، محفوظ ماحول اور مؤثر پولیسنگ کے فروغ کے لیے اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کردی ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعظم نے نئی الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کے حوالے کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے ایک مثالی پولیس فورس بننا چاہیے۔ ان کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کی فراہمی کا مقصد پولیسنگ کے نظام میں ماحول دوست ذرائع کو فروغ دینا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کارکردگی بہتر بنانا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے نہ صرف پولیس کی استعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات بھی مزید بہتر ہوسکیں گی۔
آئی جی اسلام آباد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے کیپٹل پٹرول فورس قائم کی گئی ہے۔ ہر پٹرولنگ یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون اہلکار شامل ہوں گے، جبکہ تمام اہلکاروں کو باڈی کیمروں سے بھی لیس کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کیپٹل پٹرول فورس کے لیے فراہم کی جانے والی 50 الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں ہر ماہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے۔
آئی جی اسلام آباد کے مطابق ایندھن کی مد میں ہونے والی بچت کے نتیجے میں ایک الیکٹرک گاڑی کی لاگت تقریباً ساڑھے 10 ماہ میں پوری ہوجائے گی، جس سے پولیس کے اخراجات کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔