اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور کسانوں کی جانب سے احتجاج کی کال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے اضافی سیکیورٹی کے لیے تین صوبوں سے مجموعی طور پر 23 ہزار 500 پولیس اہلکار اسلام آباد طلب کرلیے ہیں۔ اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کی جانب سے اضافی پولیس نفری کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے 15 ہزار، سندھ سے 8 ہزار جبکہ بلوچستان سے 500 پولیس اہلکار اسلام آباد بھجوائے جائیں گے۔

حکام کے مطابق طلب کی گئی اضافی نفری کو 20 ستمبر سے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا تاکہ احتجاجی سرگرمیوں کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامات مؤثر بنائے جاسکیں۔

کابینہ ڈویژن نے تینوں صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے لیے طلب کی گئی پولیس نفری کی بروقت روانگی اور تعیناتی کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔