اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع
اسلام آباد اور راولپنڈی میں مون سون بارش کے ایک اور شدید سلسلے کے باعث جڑواں شہروں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں مجموعی طور پر 70 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں سیدپور کے مقام پر سب سے زیادہ 85 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ گولڑہ اور پی ایم ڈی میں 75، بوکڑہ میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی میں شمس آباد میں 64 ملی میٹر، پیرودھائی میں 62، کٹاریاں میں 64، گوالمنڈی میں 43 جبکہ کچہری کے علاقے میں 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
موسلادھار بارش کے نتیجے میں آریہ محلہ اور ملحقہ علاقوں کی بعض نشیبی گلیوں میں برساتی پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا میں بھی نمایاں مقدار میں بارش ریکارڈ ہوئی، جس کے باعث متعلقہ علاقوں میں صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔