فائر سیفٹی کلیئرنس نہ ملنے پر اسلام آباد کے تمام ہفتہ وار بازار بند
اسلام آباد میں فائر سیفٹی کے انتظامات اور حفاظتی منظوری سے متعلق مسائل کے باعث کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایچ نائن، جی سکس سمیت شہر کے تمام ہفتہ وار بازاروں کو بند کردیا ہے۔
سی ڈی اے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بازار اس وقت تک بند رہیں گے جب تک متعلقہ حفاظتی قواعد پر عمل درآمد اور فائر سیفٹی کلیئرنس حاصل نہیں کرلی جاتی۔
اچانک بندش کے فیصلے پر تاجروں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی اقدامات پر کروڑوں روپے خرچ کیے، اس کے باوجود بازار بند کردیے گئے۔ تاجر رہنما آصف ملک کے مطابق دکانداروں نے سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی سمیت ضروری انتظامات مکمل کیے تھے۔
آصف ملک کا کہنا تھا کہ وہ رات کے وقت بازار پہنچے تو وہاں بندش کا نوٹس آویزاں تھا۔ ان کے مطابق تاجروں نے اپنی جیب سے حفاظتی انتظامات کیے، جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے ان اقدامات پر کوئی رقم خرچ نہیں کی گئی۔
تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کاروبار اچانک بند ہونے سے ان کی آمدن متاثر ہوگی اور گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوجائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ بیشتر دکاندار روزانہ کی کمائی پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے طویل بندش ان کے لیے سنگین مالی مسائل پیدا کرسکتی ہے۔
بازاروں کی بندش سے شہری بھی متاثر ہوئے ہیں، خصوصاً وہ افراد جو مہنگائی کے باعث کم قیمت پر اشیائے ضروریہ اور روزمرہ استعمال کی مصنوعات خریدنے کے لیے ہفتہ وار بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔ ان بازاروں کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو خریداری کے لیے دوسرے مقامات کا انتخاب کرنا پڑ سکتا ہے، جہاں قیمتیں زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔
تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ بازار جلد کھولے جائیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ اگر حفاظتی انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں تو حکام کو صورتِ حال کا جائزہ لے کر واضح ہدایات دینی چاہییں۔ تاجروں نے اچانک بندش پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں انسپکشن اور حفاظتی منظوری کے عمل سے متعلق واضح مؤقف فراہم کیا جانا چاہیے۔