جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کی تصاویر شیئر کردیں
سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی دوسری شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کردی ہیں۔
جمائما کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں ان کے دونوں بیٹے قاسم خان اور سلیمان خان سمیت قریبی دوست بھی شادی کی تقریب میں ان کے ساتھ موجود دکھائی دیتے ہیں۔
52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے 62 سالہ کیمرون او ریلی کے ساتھ شادی کی ہے۔ اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے شادی کی تاریخ 12 ستمبر 2026 درج کرتے ہوئے تقریب میں شریک افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان تمام لوگوں نے اس دن کو دونوں کے لیے یادگار اور خوشیوں سے بھرپور بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
جمائما کے شوہر کیمرون او ریلی آئرش نژاد آسٹریلوی ہیں اور وہ آنجہانی میڈیا ٹائیکون اور بین الاقوامی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جمائما اور کیمرون کی شناسائی اس وقت ہوئی جب کیمرون مختلف فلموں اور ڈاکیومنٹریز میں بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر کام کر رہے تھے۔ ابتدا میں دونوں کے درمیان دوستی قائم ہوئی، جو بعد ازاں محبت کے رشتے میں تبدیل ہوگئی۔