جناح اسپتال لاہور کے آئی وارڈ میں آتشزدگی

لاہور کے جناح اسپتال کے آئی وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد اسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین کو احتیاطی طور پر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

اسپتال کے مختلف شعبوں، بالخصوص او پی ڈی سے مریضوں اور تیمارداروں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا، جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینسز بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 10 منٹ میں آگ پر قابو پالیا۔ بعد ازاں صورتحال کو مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے گئے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آتشزدگی پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے اور واقعے کے نتیجے میں کسی مریض کے زخمی یا متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔