جوہر ٹاؤن سے اغوا ہونے والا نوجوان قتل، لاش پنڈی بھٹیاں سے برآمد
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن سے لاپتا ہونے والے 33 سالہ حارث کو مبینہ طور پر قتل کردیا گیا، جس کی لاش پنڈی بھٹیاں کے علاقے سے ملی ہے۔
پولیس کے مطابق حارث کی لاش سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور اس کی گاڑی کھڑی حالت میں برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے پاس موجود موبائل فون، پرس، رقم اور بینک کارڈز غائب پائے گئے۔
حکام کے مطابق لاش ملنے کے ایک روز بعد مقتول کا اے ٹی ایم کارڈ جلالپور جٹاں کے قریب استعمال ہونے کا بھی سراغ ملا ہے، جس کے بعد واقعے کی تفتیش مزید آگے بڑھائی جارہی ہے۔
دوسری جانب حافظ آباد پولیس پر الزام ہے کہ مقتول کے اہل خانہ سے رابطہ کیے بغیر لاش کی تدفین کردی گئی۔ پولیس نے اغوا کے مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حارث کے اغوا کے بعد قتل کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واردات میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے