جے یو آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان میں متحدہ اپوزیشن بنانے پر اتفاق
جمعیت علمائے اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے درمیان متحدہ اپوزیشن تشکیل دینے پر اتفاق ہوگیا ہے، جس کا ابتدائی آغاز پارلیمنٹ سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کیا۔ اس سے قبل جے یو آئی اور اپوزیشن اتحاد کے نمائندوں کے درمیان اہم مشاورتی ملاقات بھی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ اپوزیشن اتحاد کی قیادت مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کرے گی۔ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سمیت دیگر سیاسی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ آج ابتدائی مشاورت ہوئی، جس میں متحدہ اپوزیشن بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ پہلی نشست تھی اور آئندہ اس حوالے سے مزید مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
پیپلز پارٹی کی ممکنہ شمولیت سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت حکومت کا حصہ ہے، جبکہ موجودہ مشاورت اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے حوالے سے ہورہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سیاسی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے معاملے پر بھی غور ہونا چاہیے۔
صحافی کی جانب سے یہ پوچھے جانے پر کہ متحدہ اپوزیشن کا تعاون صرف پارلیمنٹ تک محدود ہوگا یا احتجاجی سیاست میں بھی ساتھ دیا جائے گا، مولانا فضل الرحمان نے طنزیہ انداز میں جواب دیا کہ بات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور مزید معاملات پر بعد میں گفتگو ہوگی۔