جسٹن ٹروڈو اور کیٹی ٹیلفورڈ نے نئی میڈیا کمپنی قائم کرلی
کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے سابق چیف آف اسٹاف کیٹی ٹیلفورڈ کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے میڈیا اور انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی قائم کرلی ہے، جس کا نام ’’ہوپ اینڈ ہارڈ ورک‘‘ رکھا گیا ہے۔
نئی کمپنی فلم، ٹیلی ویژن، آڈیو اور لائیو انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں مواد تیار کرے گی۔ کمپنی کے مطابق اس کا مقصد ایسی کہانیوں کو سامنے لانا ہے جو مختلف افراد اور معاشروں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور روابط کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں۔
کمپنی کا نام ایک ایسے جملے سے اخذ کیا گیا ہے جسے جسٹن ٹروڈو نے 2013 میں لبرل پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد اپنی سیاسی تقاریر میں متعدد مرتبہ استعمال کیا تھا۔
جسٹن ٹروڈو نے 2015 سے 2025 تک کینیڈا کے وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وزارتِ عظمیٰ سے سبکدوش ہونے کے بعد وہ گزشتہ عرصے کے دوران بڑی حد تک سیاسی اور عوامی سرگرمیوں سے دور رہے ہیں۔
نئی کمپنی کے قیام کے ذریعے سابق کینیڈین وزیراعظم اب سیاست کے بجائے میڈیا، کہانیوں اور تفریحی مواد کی تیاری کے شعبے میں اپنی سرگرمیاں آگے بڑھانے کی جانب متوجہ ہوگئے ہیں۔