کراچی میں نوراتری کی تقریبات، ہندو برادری کا روایتی انداز میں جشن

کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں ہندو برادری نوراتری کا تہوار مذہبی عقیدت اور خوشی کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس موقع پر روایتی ملبوسات، دلکش موسیقی اور گربا و ڈانڈیا کے رقص نے تقریبات کو رنگا رنگ بنا دیا ہے۔

کراچی میں جاری تقریبات کے دوران خواتین اور نوجوان لڑکیوں کی شرکت نمایاں ہے۔ شرکا کے مطابق نوراتری انہیں ہر سال اپنی مذہبی روایات سے جڑنے اور اہلِ خانہ و برادری کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

ہندو برادری کے افراد کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنے مذہبی تہوار مناتے ہیں اور نوراتری ان کے لیے عقیدت کے اظہار کے ساتھ اپنی ثقافتی شناخت برقرار رکھنے کی اہمیت بھی رکھتی ہے۔

نوراتری کا یہ تہوار 20 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران روزانہ رات کو گربا اور ڈانڈیا کے روایتی رقص سمیت مختلف سرگرمیوں کے ذریعے جشن منایا جائے گا۔