کراچی میں ستمبر کے دوران گرمی کا 9 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

کراچی میں ستمبر کے دوران غیر معمولی گرمی نے گزشتہ کئی برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا، جہاں شہر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اوپر چلا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز کراچی کے ایک سرکاری موسمیاتی مرکز پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ درجہ حرارت کے ساتھ ہوا میں نمی کی مقدار بڑھنے کے باعث محسوس ہونے والی گرمی یعنی ہیٹ انڈیکس اصل درجہ حرارت سے بھی زیادہ رہا۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں 2017 کے بعد یہ کراچی میں ریکارڈ کیا جانے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ 2017 میں ستمبر کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا، جبکہ رواں سال یہ حد 40.7 ڈگری تک پہنچ گئی۔

موسمیاتی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی کی موجودہ شدت آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ گرم موسم کی ایک وجہ بحیرہ عرب میں بننے والی فضائی گردش ہے، جبکہ ال نینو کی سرگرمی بھی موسمی حالات پر اثرانداز ہو رہی ہے۔