کرک میں پولیس پر فائرنگ، ایس ایچ او داؤد خان اور گن مین شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او داؤد خان اور ان کے گن مین فرہاد شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کرک کے علاقے نیو کڑپہ میں پیش آیا، جہاں بانڈہ داؤد شاہ پولیس کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او داؤد خان اور گن مین فرہاد شدید زخمی ہوئے، تاہم دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او کرک عمران خان اضافی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری اور ان کی شناخت کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب شہید ایس ایچ او داؤد خان اور گن مین فرہاد کی نماز جنازہ پولیس لائن کرک میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں آر پی او کوہاٹ، کمشنر کوہاٹ، ڈی پی او کرک اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید اہلکاروں کو سلامی پیش کی، جبکہ حکام اور پولیس افسران نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔