کرک میں پولیس موبائل پر مسلح افراد کی فائرنگ، ایک اہلکار جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں تھانہ صابر آباد کی حدود میں پولیس موبائل پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل ظفران جاں بحق جبکہ کانسٹیبل محمد امتیاز زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب شنکئی ڈیم کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اہلکار معمول کی گشت پر مامور تھے۔ پولیس موبائل پر فائرنگ کے بعد علاقے میں مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کے مختلف مقامات پر اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے۔
زخمی کانسٹیبل محمد امتیاز کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور ملزمان کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔