کرینہ کپور نے حمل کی افواہوں پر مزاحیہ انداز میں ردعمل دے دیا

بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کی ایک حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد ان کے حاملہ ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں، تاہم اداکارہ نے اب ایک مزاحیہ پوسٹ کے ذریعے ان خبروں پر اپنا ردعمل ظاہر کردیا ہے۔

حالیہ دنوں میں جم سے باہر نکلتے ہوئے کرینہ کی تصاویر اور ویڈیو سامنے آنے کے بعد بعض صارفین نے ان کے حمل سے متعلق سوالات اٹھائے تھے۔ بعد ازاں اداکارہ کی ٹیم اور سیف علی خان کی بہن صبا پٹودی کی جانب سے ان خبروں کی تردید بھی کی گئی۔

کرینہ نے انسٹاگرام پر ایک شخص کی تصویر شیئر کی جس میں اس کا پیٹ نمایاں طور پر باہر نکلا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ پس منظر میں فلم ’’ہم آپ کے ہیں کون‘‘ کا معروف گانا ’’چاکلیٹ، لائم جوس‘‘ چل رہا تھا۔ اداکارہ نے پوسٹ کے ساتھ ہنسی اور پیزا کے ایموجیز بھی استعمال کیے۔

کرینہ کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین نے ان افواہوں کے جواب کے طور پر لیا، جس سے بظاہر یہ تاثر ملا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی جسمانی تبدیلی کسی حمل کے بجائے کھانے پینے سے متعلق ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل کرینہ کے قریبی ذرائع نے بھی ہندوستان ٹائمز سے گفتگو میں ان کے تیسرے حمل کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکارہ حاملہ نہیں ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے خاندانی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے مزید بچوں کی خواہش نہ رکھنے کا اشارہ بھی دے چکی ہیں۔

دوسری جانب کرینہ کپور جلد ہی میگھنا گلزار کی فلم ’’دائرہ‘‘ میں دکھائی دیں گی، جس میں پرتھوی راج سوکومارن بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم کو 18 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز کیے جانے کی تیاری ہے۔