سانحہ کارساز کو 19 برس بیت گئے، بلاول بھٹو کا جمہوری جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
کراچی میں سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر ہونے والے سانحہ کارساز کو 19 سال مکمل ہو گئے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تشدد اور انتہاپسندی جمہوریت کے لیے جاری جدوجہد کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بے نظیر بھٹو کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یاد جمہوریت کے تحفظ اور قربانیوں کے عزم کو تازہ کرتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین کی بالادستی، جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کراچی ضلع شرقی کے زیرِ اہتمام سانحہ کارساز کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوئیں اور تمام خطرات کے باوجود وطن واپس آئیں۔