خانیوال کا شہری امریکا میں جعلی ڈاک ٹکٹوں کی فروخت کے الزام میں گرفتار
خانیوال سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو امریکا میں بڑے پیمانے پر جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس مبینہ فراڈ کے ذریعے کروڑوں ڈالر مالیت کے ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مطابق ملزم نے ایک ویب سائٹ قائم کرکے تقریباً تین سال تک ایک غیر ملکی پارسل کمپنی کے نظام کو مبینہ طور پر بائی پاس کیا۔ اس دوران اس نے 51 لاکھ جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ فروخت کیے گئے بین الاقوامی ڈاک ٹکٹوں کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر لگایا گیا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 35 ارب روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
حکام کے مطابق جعلی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا یہ سلسلہ مبینہ طور پر تین سال تک جاری رہا۔ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے اور مزید حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔