خان پور میں باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر میں تصادم، 7 جاں بحق، 59 زخمی
خان پور میں قومی شاہراہ پر سردار گڑھ کے قریب باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 59 زخمی ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سردار گڑھ سے ظاہر پیر جانے والی باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی سامنے سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے باعث ٹریکٹر ٹرالی میں سوار متعدد افراد متاثر ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 37 افراد کو ٹی ایچ کیو اسپتال میانوالی قریشیاں منتقل کیا گیا، جبکہ مزید 22 زخمیوں کو شیخ زید اسپتال پہنچایا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ریسکیو اداروں کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ ٹریلر ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی بتائی جارہی ہے، تاہم واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔