خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی سے منسلک 11 فتنہ الخوارج دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 6 اور 7 ستمبر کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشتگردوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کی کوشش کی، جس کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی ضلع واشک میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے واشک میں کارروائی کے دوران 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔