خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا کریک ڈاؤن، 21 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے 3 سے 5 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب بھی ایک کارروائی کی گئی، جس کے دوران علاقے میں موجود مزید 10 خوارج ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کے ذریعے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کو ناکام بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے بعد ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشنز کے دوران 21 دہشتگردوں کی ہلاکت سیکیورٹی اداروں کی ایک اہم کامیابی ہے۔
محسن نقوی نے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ملک کا فخر ہیں اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔