کِیا سورینٹو کی قیمتوں میں 25 لاکھ روپے تک کمی، نئی قیمتیں سامنے آگئیں
کِیا موٹرز نے سورینٹو کے تین مختلف ویریئنٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کردیا، جس کے تحت گاڑیوں کی قیمتیں 8 لاکھ سے 25 لاکھ روپے تک کم کی گئی ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سورینٹو ہائبرڈ فرنٹ وہیل ڈرائیو کی قیمت میں 8 لاکھ روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 1 کروڑ 54 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کردی گئی۔
سورینٹو ہائبرڈ آل وہیل ڈرائیو کی قیمت 24 لاکھ روپے کم کردی گئی، جس کے بعد یہ ماڈل بھی 1 کروڑ 54 لاکھ 99 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔
اسی طرح سورینٹو پلگ اِن ہائبرڈ آل وہیل ڈرائیو کی قیمت میں 25 لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے۔ قیمت میں کمی کے بعد اس ویریئنٹ کی نئی قیمت 1 کروڑ 64 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
کمپنی حکام کے مطابق یہ رعایتی قیمتیں کِیا موٹرز کی جانب سے 10 سال کے دوران ایک لاکھ گاڑیوں کی فروخت کا سنگ میل عبور کرنے پر بطور پروموشن متعارف کرائی گئی ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ گاڑی کی ڈیلیوری کے وقت اگر سرکاری ٹیکسز یا ڈیوٹیز میں کوئی تبدیلی ہوئی تو اس کا اثر گاڑی کی حتمی قیمت میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔