کیا سپورٹیج کی قیمت میں بڑی کمی کا اعلان

پاکستان میں گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ کِیا پاکستان نے اپنی معروف ایس یو وی اسپورٹیج کے ایک اہم ویریئنٹ کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعلامیے کے مطابق کِیا اسپورٹیج ایل الفا کی قیمت میں 10 لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس ماڈل کی نئی ایکس فیکٹری قیمت 78 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ گاڑی 88 لاکھ 99 ہزار روپے میں فروخت کی جا رہی تھی۔ اسپورٹیج ایل الفا 2000 سی سی نان ہائبرڈ پیٹرول انجن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے اور اسے پاکستان میں اسپورٹیج سیریز کا بنیادی یا انٹری لیول ماڈل سمجھا جاتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی قیمت کا اطلاق 22 جون 2026 یا اس کے بعد جاری ہونے والے تمام انوائسز پر ہوگا۔ تاہم سرکاری سطح پر عائد ہونے والے کسی بھی نئے ٹیکس، ڈیوٹی یا دیگر مالی واجبات کی ادائیگی خریداروں کو خود کرنا ہوگی۔ اعلامیے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ قیمت میں فریٹ اور انشورنس اخراجات شامل نہیں ہیں، جبکہ یہ رعایتی قیمت نقد ادائیگی اور فنانسنگ دونوں آپشنز کے تحت گاڑی خریدنے والے صارفین کے لیے یکساں طور پر نافذ العمل ہوگی۔ ادھر لکی موٹرز نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ پاکستان میں پیجو گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی کمی کی جا رہی ہے، جس کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔