کوہاٹ پولیس لائنز حملہ، دہشت گرد نیٹ ورک کا سراغ مل گیا
سی ٹی ڈی اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے کوہاٹ پولیس لائنز پر ہونے والے حملے میں ملوث دہشت گردوں کے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی دو مختلف دہشت گرد تنظیموں نے باہمی تعاون سے کی تھی۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ دہشت گردوں نے کارروائی سے پہلے کوہاٹ میں چند روز قیام کیا اور اسی دوران حملے کی تیاری کی گئی۔
حکام کے مطابق دہشت گردوں نے شہر میں جس مکان کو قیام کے لیے استعمال کیا تھا، وہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی۔ چھاپے کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ تفتیش کے لیے اہم شواہد بھی قبضے میں لیے گئے۔
تفتیشی ٹیم نے خودکش حملہ آور کے زیر استعمال گاڑی سے متعلق ڈیٹا سمیت دیگر اہم معلومات بھی حاصل کرلی ہیں، جنہیں حملے کی کڑیاں جوڑنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ اسی گروہ نے گزشتہ سال بھی کوہاٹ پولیس لائنز کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم کارروائی سے قبل دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا اور منصوبہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔