کوہاٹ پولیس لائنز دھماکہ، 15 اہلکاروں سمیت 22 افراد شہید، 130 زخمی
کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز میں مسجد کے قریب ہونے والے خودکش حملے اور اس کے بعد دہشت گردوں کے حملے میں 15 پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد شہید جبکہ 130 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، جبکہ شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے 8 افراد کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زیرِ علاج زخمیوں میں 6 پولیس اہلکار اور ایک شہری شامل ہے، جبکہ ایک زخمی کو گزشتہ رات طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زیرِ علاج زخمیوں کی حالت تسلی بخش ہے۔
پولیس لائنز میں دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن بھی مکمل کرلیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ایک حملہ آور خصوصی برانچ کی عمارت میں داخل ہوکر مزاحمت کرتا رہا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے اسے عمارت تک محدود رکھا اور آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو سنائپر کی فائرنگ سے بھی ہلاک کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ بارودی مواد سے بھری گاڑی کو پولیس لائنز کے قریب مسجد کی دیوار سے ٹکرایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید دھماکا ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد مسلح حملہ آور پولیس لائنز کے احاطے میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔