کولکتہ کے ہوٹل میں خوفناک آگ، 9 افراد ہلاک

بھارت کے شہر کولکتہ میں ایک ہوٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ ہوٹل کی دوسری منزل پر لگی، جس کے بعد فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا اور کچھ دیر کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کے دوران ہوٹل میں موجود تقریباً 30 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ حکام کے مطابق آتشزدگی میں ہلاک ہونے والے تمام افراد بنگلا دیشی شہری تھے۔

ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے، تاہم واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔