کورنگی میں سرکاری دفتر میں فائرنگ، 55 سالہ ملازم جاں بحق

کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں ڈی ایم سی کالج آف ایجوکیشن کے دفتر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 55 سالہ سرکاری ملازم امتیاز حسین جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دو نامعلوم افراد سرکاری دفتر میں داخل ہوئے اور امتیاز حسین کو مبینہ طور پر نشانہ بنا کر فائرنگ کی، جس کے بعد دونوں ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے دوران 50 سالہ عقیل بھی زخمی ہوا۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائی کرتے ہوئے مقتول اور زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق امتیاز حسین لانڈھی ٹاؤن کے محکمہ تعلیم میں سپروائزر کے فرائض انجام دے رہا تھا اور سرکاری محکمے میں بطور کلرک بھی کام کرچکا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی کچھ عرصہ قبل اپنی اہلیہ سے علیحدگی ہوئی تھی اور بعد ازاں اہلیہ نے دوسری شادی کرلی تھی۔ پولیس نے یہ پہلو بھی تفتیش کا حصہ بنا لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معلومات میں مقتول کا تعلق ایم کیو ایم حقیقی سے بھی سامنے آیا ہے۔ تاہم واقعے کے اصل محرکات کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

پولیس نے کیس کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔