کورنگی میں پولیس اہلکار پر خاتون سے مبینہ زیادتی کا الزام

کراچی کے کورنگی صنعتی ایریا میں ایک پولیس اہلکار پر خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام سامنے آیا ہے۔

متاثرہ خاتون کی درخواست کے باوجود واقعے کا مقدمہ مبینہ طور پر 7 روز بعد درج کیا گیا، تاہم مقدمے میں نامزد پولیس اہلکار کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آسکی۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ پولیس ملزم اہلکار کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔ خاتون کے مطابق ملزم پولیس اہلکار نور نے اسے مبینہ طور پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور واٹس ایپ کالز کے ذریعے بھی ڈرایا دھمکایا۔

متاثرہ خاتون کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے کئی روز گزرنے کے باوجود اس کا میڈیکل بھی نہیں کروایا گیا۔

مقدمے میں درج بیان کے مطابق نامزد پولیس اہلکار تھانہ کورنگی صنعتی ایریا کے شعبہ آئی ٹی میں تعینات ہے۔ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ملزم کی اہلیہ کی دوست ہے اور ملزم اسے مبینہ طور پر بہانے سے اپنے گھر لے گیا۔

خاتون کے مطابق گھر پہنچنے پر ملزم کی اہلیہ وہاں موجود نہیں تھی، جس کے بعد پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب تفتیشی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزم سمیت دیگر متعلقہ افراد کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔