خیبرپختونخوا کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی منصوبوں کے لیے عالمی بینک سے قرض لینے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ سال سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آبپاشی کے نظام کی بحالی اور مستقبل میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبوں کے لیے عالمی بینک سے مالی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی بینک سے ملنے والی رقم گزشتہ سال سیلاب کے باعث تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کی مرمت اور بحالی پر خرچ کی جائے گی، جس میں خصوصاً آبپاشی کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی معاونت کا ایک حصہ صوبے میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ایسے منصوبے مکمل کرنے پر بھی صرف کیا جائے گا جن سے مستقبل میں قدرتی آفات کے نقصانات کم کرنے میں مدد مل سکے۔
اس کے علاوہ دستیاب فنڈز کو قدرتی آفات سے ہونے والے ممکنہ نقصان میں کمی، ہنگامی حالات میں فوری ردعمل اور صوبائی و ضلعی اداروں کی ہنگامی انتظامی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے بھی استعمال کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی بینک سے قرض حاصل کرنے کے لیے باقاعدہ درخواست دینے کی منظوری صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں لینے کی تیاری کی جارہی ہے۔ منظوری کے بعد مالی معاونت کے حصول کے لیے متعلقہ مراحل آگے بڑھائے جائیں گے۔