خیبرپختونخوا میں سکیورٹی خدشات، متعدد اضلاع میں تعلیمی ادارے بند
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی خدشات کے باعث تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پشاور میں آج تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بنوں تعلیمی بورڈ کے زیرِ اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات کے دوسرے مرحلے کے تمام پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں۔ آج ہونے والا پرچہ بھی تاحکمِ ثانی نہیں لیا جائے گا، جبکہ امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اسی طرح کوہاٹ میں بھی امتحانات مؤخر کردیے گئے ہیں۔ جنوبی وزیرستان اور لوئر دیر میں سکیورٹی صورتِ حال کے پیشِ نظر آج تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب ضلع مالاکنڈ میں تعلیمی ادارے آج اور کل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔