کائلین ایمباپے ماؤ زے تنگ سے متعلق میمز پر تبصرے کے بعد معذرت پر مجبور

فرانس کے معروف فٹبالر کائلین ایمباپے نے چین کے سابق رہنما ماؤ زے تنگ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی میمز کے بارے میں اپنے تبصرے پر معافی مانگ لی ہے۔

رپورٹس کے مطابق فرانسیسی ٹاک شو ’دی برج‘ میں گفتگو کے دوران ایمباپے سے ان تصاویر اور ویڈیوز کے متعلق سوال کیا گیا، جن میں ان کے چہرے کو ماؤ زے تنگ کی تصویر کے ساتھ جوڑ کر پیش کیا گیا تھا۔

اس موقع پر فٹبالر نے بتایا تھا کہ ایک ایسی ویڈیو دیکھ کر انہیں ہنسی آئی، جس میں ان کا موازنہ چین کے سابق رہنما سے کیا گیا تھا۔

ایمباپے کے اس بیان کے بعد اطلاعات سامنے آئیں کہ چین کی ایک مشروبات تیار کرنے والی کمپنی اور ڈیری مصنوعات بنانے والی کمپنی نے ان کے ساتھ اپنے معاہدے ختم کردیے ہیں۔

بعدازاں ایمباپے نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ انٹرویو میں اپنی تصویر سے متعلق گفتگو کے دوران ان کے منہ سے نامناسب الفاظ نکل گئے تھے۔ ان کے بقول، اس تبصرے سے چین اور دنیا کے مختلف حصوں میں مقیم چینی برادری کے متعدد افراد کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ کسی کی دل آزاری کرنا ان کا مقصد نہیں تھا اور وہ اپنے بیان سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے معذرت کرتے ہیں۔

فرانسیسی فٹبالر نے مزید کہا کہ وہ چینی عوام اور ان کی تاریخ کا احترام کرتے ہیں اور اپنے تبصرے پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔